جی بی کے عوام کو آئینی، سیاسی اور معاشی حقوق دیے جائیں، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یکم نومبر گلگت بلتستان کے یوم آزادی کے موقع پر خطے کے تمام غیور، باشعور اور محب وطن عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یکم نومبر گلگت بلتستان کی تاریخ کا ایک عظیم دن ہے، جب یہاں کے بہادر اسلاف نے بے مثال شجاعت، قربانی اور عزم و استقامت کے ذریعے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی، اور یہ دن ان غیور بزرگوں کی قربانیوں اور آزادی کے لیے ان کی لازوال جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیشہ پاکستان سے اپنی محبت اور وابستگی کا عملی ثبوت دیا ہے، اب وقت کا تقاضا ہے کہ ان کی قربانیوں اور بے مثال وفاداری کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ان کے بنیادی آئینی، سیاسی، معاشی اور جمہوری حقوق دیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : مولانا سید حسین رضوی کی علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات، گلگت بلتستان پر گفتگو
انہوں نے کہا کہ اس خطے کے عوام کو بااختیار بنانا، ان کے وسائل پر ان کا جائز حق تسلیم کرنا اور ان کی محرومیوں کا خاتمہ کرنا قومی ذمہ داری ہے، کیونکہ آزادی کا حقیقی مفہوم صرف جغرافیائی آزادی نہیں بلکہ عزت، انصاف، مساوات اور حق حکمرانی بھی ہے۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اسلاف کی قربانیوں کو قبول فرمائے، گلگت بلتستان کو امن و خوشحالی نصیب کرے اور پاکستان کو مضبوط، متحد اور خودمختار بنائے۔







