عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
شیعیت نیوز : تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وائس چیئرمین اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ وہ اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتے ہیں کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اور ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، آخر انہیں لوگوں سے ملنے کی اجازت کیوں نہیں دی جاتی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت کی تحویل میں ہیں، اگر انہیں کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری صدر آصف علی زرداری پر عائد ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان کی مرضی کے بغیر 28ویں ترمیم کی حمایت کرنے والا صفر ہو جائے گا، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ عمران خان کی 70 سالہ بہن دل کی مریضہ ہو گئی ہیں اور انہیں ہسپتال لے جایا گیا، مگر اہل خانہ کو ان سے ملنے نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ بزرگ خواتین دہشت گرد ہیں کہ ان کے باہر نکلنے سے ملک میں بدامنی پھیل جائے گی، کیا انہیں صرف اس جرم کی سزا دی جا رہی ہے کہ وہ ایک سابق وزیر اعظم کی بہنیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو نہ آئین کی پرواہ ہے، نہ قانون کی اور نہ انسانیت کی، اور سوال اٹھایا کہ اگر انسانی جذبات اور احساسات ہی مر جائیں تو یہ کہاں کی انسانیت ہے۔







