جعفریہ الائنس کی ملک گیر توسیع میں بھرپور تعاون کریں گے، امامیہ آرگنائزیشن
شیعیت نیوز : امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی ناظم قومی امور و اطلاعات جناب لعل مہدی خان نے اپنے وفد کے ہمراہ جعفریہ الائنس پاکستان کے مرکزی دفتر بارگاہ حسینی بلاک 2 پی ای سی ایچ سوسائٹی کراچی کا دورہ کیا اور صدر جعفریہ الائنس پاکستان حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی اور ان کی کابینہ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر جعفریہ الائنس پاکستان کے جنرل سیکرٹری جناب سید شبر رضا نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ وفد میں امامیہ آرگنائزیشن کراچی ریجن کے ناظم اور سپریم کونسل جعفریہ الائنس پاکستان کے رکن برادر حیدر علی خان، زونل ناظم برادر رضا زیدی، ڈسٹرکٹ آرگنائزر برادر سجاد رضا اور امامیہ آرگنائزیشن کراچی کے سیکرٹری قومی امور و اطلاعات و جعفریہ الائنس پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات احسن مہدی بھی شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں : امامیہ آرگنائزیشن وفد کی علامہ سید ساجد علی نقوی سے ملاقات
سید شبر رضا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کی قیادت میں ملک بھر میں جعفریہ الائنس پاکستان کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے، اور اس سلسلے میں امامیہ آرگنائزیشن پاکستان سے تعاون کی درخواست کی۔
لعل مہدی خان نے تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اور بالخصوص کراچی میں جعفریہ الائنس پاکستان کی قومی و ملی خدمات قابل قدر ہیں، اور یقین دلایا کہ ملک گیر تنظیمی توسیع اور قومی خدمات کے فروغ کے لیے امامیہ آرگنائزیشن پاکستان بھرپور تعاون کرے گی۔ ملاقات میں باہمی اتحاد، تنظیمی ہم آہنگی اور مشترکہ قومی جدوجہد کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔







