مکمل آئینی حقوق دیے بغیر گلگت بلتستان پر ٹیکس قابل قبول نہیں، علامہ حسن سروری
شیعیت نیوز : مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو کے نائب امام جمعہ علامہ شیخ حسن سروری نے کہا ہے کہ اگر گلگت بلتستان کو مکمل صوبائی حیثیت دینے کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو اس کے تمام آئینی تقاضے پورے کیے جائیں، کیونکہ عوام پر ٹیکس عائد کرنا یا ان کے وسائل سے محصولات وصول کرنا لیکن انہیں مکمل آئینی حقوق نہ دینا قابل قبول نہیں ہوگا۔
خطبہ جمعہ میں یکم نومبر یوم آزادی گلگت بلتستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے لیکن افسوس کہ یہاں کے عوام ابھی تک مکمل آئینی و سیاسی حقوق سے مستفید نہیں ہو سکے، حالانکہ گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان سے اپنی وابستگی اور محبت کا ہمیشہ اظہار کیا ہے اور ملک کی سرحدوں، وسائل اور جغرافیائی اہمیت میں اس خطے کا بنیادی کردار ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جی بی کے وسائل پر عوام کا حق ہے، ایامِ فاطمیہ میں تقریبات مؤخر کی جائیں، علامہ حسن جعفری
علامہ حسن سروری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے مستقبل کے فیصلے یہاں کے عوام کی خواہشات کو سامنے رکھ کر کیے جائیں اور کسی بیرونی طاقت کو اپنے مفادات کے لیے خطے میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جا سکتی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ خطے کے قدرتی وسائل کے استعمال میں مقامی عوام کے معاشی مفادات کو ترجیح دی جائے اور ترقیاتی منصوبوں پر عملی کام شروع کیا جائے۔
انہوں نے سکردو میں بجلی کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوامی نمائندوں سے متحد ہو کر اس مسئلے کے حل کا مطالبہ کیا، جبکہ ایام فاطمیہ کی مناسبت سے انہوں نے کہا کہ سیدۂ کائنات سلام اللہ علیہا کی سیرت ایثار، استقامت اور حق کی حمایت کا عملی نمونہ ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات مضبوط بنانے پر زور دیا۔







