اردو تکفیری اکاؤنٹ سعودی بمباری پر جشن منانے اور یمنیوں کو کافر کہنے میں مصروف
شیعیت نیوز : سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ’’اموی‘‘ کے نام سے اردو زبان میں سرگرم ایک تکفیری اکاؤنٹ، جس کے تقریباً 8 ہزار 800 فالوورز ہیں، یمن پر سعودی جارحیت کی کھلی حمایت اور مظلوم یمنی عوام کے خلاف نفرت انگیز مہم چلا رہا ہے۔ اس اکاؤنٹ نے 29 اکتوبر کو صعدہ پر سعودی اتحاد کی شدید بمباری کی خبر دیتے ہوئے لکھا کہ ’’سینکڑوں حوثی دہشت گرد جنگجو اور کمانڈر جہنم واصل‘‘ ہو گئے، اور اس پوسٹ کو 40 بار ری پوسٹ کیا گیا۔
30 اکتوبر کو اسی اکاؤنٹ نے مدینہ منورہ کے بارے میں سعودی دعوے کو آگے بڑھاتے ہوئے ’’ایرانی اور یمنی دہشت گردوں‘‘ کے مشترکہ حملے کی بات کی اور یمنی مسلمانوں کو ’’کفار‘‘ قرار دیا، حالانکہ یمنی مسلح افواج اس دعوے کو جھوٹ قرار دے کر مسترد کر چکی ہیں۔ اسی روز اس اکاؤنٹ نے مکہ مکرمہ میں 32 پاکستانیوں سمیت درجنوں ’’دہشت گردوں‘‘ کی گرفتاری کا دعویٰ بھی پوسٹ کیا جسے تقریباً 20 ہزار بار دیکھا گیا، مگر پوسٹ میں کسی سرکاری ذریعے کا حوالہ موجود نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کالعدم سپاہ صحابہ کا سوشل میڈیا پیج سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کردار کشی میں مصروف
یہ اکاؤنٹ اپنی پوسٹوں اور جوابات میں شیعہ مسلمانوں کو بار بار ’’مجوسی‘‘ کہہ کر پکارتا ہے، ایران کے مذہب اور تعلیمات کو ’’باطل اور من گھڑت‘‘ قرار دیتا ہے اور پاکستان کے شیعہ شہریوں کو ’’ایران کے پجاری‘‘ کہہ کر ان پر ممکنہ امریکی ایٹمی حملے کا طعنہ دیتا ہے، جو کھلی فرقہ وارانہ منافرت اور تکفیری سوچ کی عکاسی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی کالعدم سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی سے وابستہ سوشل میڈیا پیجز یمن کے مسئلے کو بنیاد بنا کر شیعہ رہنماؤں کی کردار کشی اور نفرت انگیز پروپیگنڈا کرتے رہے ہیں۔ عوامی حلقوں نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سے مطالبہ کیا ہے کہ مسلمانوں کو کافر قرار دینے اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والے ایسے اکاؤنٹس کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔







