ایام فاطمیہ میں تاریخی حقائق احترام کے ساتھ بیان کیے جائیں، علامہ شبیر حسن میثمی

31 اکتوبر, 2026 12:14

شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ ایام فاطمیہ میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت، فضائل اور تاریخ اسلام کے اہم واقعات کو علمی انداز اور احترام کے ساتھ بیان کیا جائے، اور تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کے بجائے مستند انداز میں پیش کیا جائے۔

مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ ڈیفنس کراچی میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا فدک کے لیے تشریف لے جانا محض ایک باغ یا زمین کا معاملہ نہیں تھا بلکہ مدینہ کے لوگوں کے سامنے یہ حقیقت واضح کرنا تھا کہ جو لوگ ایک طے شدہ حق کو نظر انداز کر سکتے ہیں وہ غدیر خم کے عہد کو بھی نظر انداز کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : تاریخی حقائق بیان کریں مگر اشتعال انگیزی سے گریز کیا جائے، علامہ شبیر میثمی

علامہ شبیر حسن میثمی نے علماء، خطباء اور ذاکرین سے اپیل کی کہ مجالس میں ایسا انداز اختیار کریں جو لوگوں کو حقائق سے آگاہ کرے اور کسی کی غیر ضروری دل آزاری کا سبب نہ بنے، انہوں نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی نے بھی دوسروں کے مقدسات کی توہین سے اجتناب کی ہدایت فرمائی ہے، جبکہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے اتحاد امت کا جو بیج بویا وہ آج تناور درخت بن چکا ہے۔

دوسرے خطبے میں انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدے کو وسعت دے کر ایران سمیت دیگر اسلامی ممالک کو اس میں شامل کیا جائے تاکہ امت مسلمہ ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع ہو کر مظلوموں کے قتل عام اور خطے میں جاری جارحیت کے خلاف مؤثر کردار ادا کر سکے، جبکہ پاکستان کو عالمی سطح پر امن و مصالحت کا تاریخی موقع حاصل ہے لیکن اس کے لیے مہنگائی، غربت اور بے روزگاری جیسے داخلی مسائل کا حل ضروری ہے۔

1:46 شام اکتوبر 31, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔