تاریخی حقائق بیان کریں مگر اشتعال انگیزی سے گریز کیا جائے، علامہ شبیر میثمی
علامہ شبیر حسن میثمی
شیعیت نیوز : مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ، ڈیفنس کراچی میں نمازِ جمعہ کے خطبے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے ایامِ فاطمیہ کو علمی، دینی اور مثبت انداز میں منانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت اور مظلومیت کو دلائل و شواہد کے ساتھ پیش کیا جائے، تاہم تاریخی حقائق بیان کرنے میں غیر ضروری اشتعال انگیزی اور توہین سے مکمل اجتناب کیا جانا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق، علامہ شبیر حسن میثمی نے قرآن مجید کی آیات اور احادیثِ نبویؐ کی روشنی میں سیدہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و منزلت کو بیان کیا۔ انہوں نے علماء کرام اور ذاکرین سے خصوصی اپیل کی کہ وہ مجالس میں تاریخی مظالم کو مستند حوالوں کے ساتھ بیان کریں، لیکن طنز اور طعن و تشنیع سے گریز کریں تاکہ معاشرے میں کشیدگی پیدا نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کسی نئے داخلی انتشار یا فرقہ وارانہ تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
یہ بھی پڑھیں : صادق آباد میں العصر اسلامی مرکز میں نمازِ جمعہ، سنی شیعہ اتحاد کی خوبصورت جھلک
اپنے دوسرے خطبے میں انہوں نے پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار حلقوں سے تدبر اور سنجیدگی سے کام لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے خطے کی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور پاک ایران برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ علامہ میثمی نے یمن اور فلسطین سمیت امت مسلمہ کے مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک کو اپنی خودمختاری اور وسائل کے تحفظ کے لیے بیدار ہونا پڑے گا۔ آخر میں انہوں نے عالمِ اسلام کے اتحاد، امن و استحکام اور جنگوں کے خاتمے کے لیے خصوصی دعا کی۔







