علامہ شبیر حسن میثمی کی علامہ سید ساجد علی نقوی سے ملاقات، ملی امور پر بریفنگ
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی سے راولپنڈی میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی قومی، سیاسی اور تنظیمی صورتحال سمیت مختلف ملی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور زاہد علی آخونزادہ نے علامہ سید ساجد علی نقوی کو اپنے حالیہ دورۂ لاہور کے دوران ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں شرکت، ملتان میں منعقدہ ختم نبوت کانفرنس اور جھنگ و کبیر والا میں جماعتی رہنماؤں سے ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
یہ بھی پڑھیں : ملی یکجہتی کونسل کا اجلاس، ایران امریکہ جنگ اور یمن کی صورتحال پر غور
رہنماؤں نے جامعہ حیدری موجیانوالہ کے سالانہ جلسے میں شرکت، گلگت بلتستان میں نوجوانوں کے لیے منعقدہ تربیتی پروگرام اور دیگر قومی، سیاسی و تنظیمی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا، جبکہ ملکی حالات، قومی یکجہتی اور مستقبل کی سرگرمیوں سے متعلق مختلف معاملات بھی زیر بحث آئے۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے پیش کی گئی بریفنگ کا بغور جائزہ لیا اور مختلف قومی، ملی اور تنظیمی امور کی انجام دہی کے حوالے سے رہنمائی کرتے ہوئے تنظیمی سرگرمیوں اور قومی معاملات میں مؤثر کردار ادا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔







