عدن اور لحج میں سعودی حمایت یافتہ فورسز پر بیلسٹک میزائل حملے، یمنی مسلح افواج
شیعیت نیوز : یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے اعلان کیا ہے کہ سعودی جارحیت کے جواب میں بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے دو فوجی کارروائیاں کی گئیں، جن میں پہلی کارروائی میں صوبہ عدن کے علاقے صلاح الدین میں سعودی حمایت یافتہ فورسز کے اجتماعات اور دوسری میں صوبہ لحج کے علاقے الوہط میں اسلحہ ڈپوؤں کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ میزائل ٹھیک اپنے اہداف پر لگے، جس کے نتیجے میں درجنوں اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے جبکہ متعدد فوجی گاڑیاں اور اسلحہ ڈپو تباہ ہو کر آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔
یحییٰ سریع کے مطابق عدن اور لحج میں نشانہ بننے والے فوجی اجتماعات اور اسلحہ ذخائر براہ راست سعودی افسر بدر الحربی کی نگرانی میں تھے۔
یہ بھی پڑھیں : ریاض ایئرپورٹ اور سعودی تیل پائپ لائن پر میزائل و ڈرون حملے، یمنی مسلح افواج
دوسری جانب ایک امریکی اخبار نے سعودی حکام کے حوالے سے اعتراف کیا ہے کہ عدن اور شبوہ میں سعودی ٹھکانوں پر میزائل حملوں میں متعدد سعودی افسران اور فوجی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں، جبکہ حضرموت میں ایک حملہ سعودی فوجی کمک پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد ہوا۔
یمنی مسلح افواج بارہا واضح کر چکی ہیں کہ یمن پر جاری سعودی جارحیت اور محاصرے کے جواب میں آل سعود کے فوجی اثاثوں اور اس کی حمایت یافتہ فورسز کو نشانہ بنایا جاتا رہے گا۔







