امام سجادؑ نے دعاؤں کے ذریعے یزیدیت کو بے نقاب کیا، علامہ سید ساجد علی نقوی
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے امام چہارم حضرت علی ابن الحسین امام زین العابدین علیہ السلام کی ولادت باسعادت (15 جمادی الاول) کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امامؑ نے ولادت سے لے کر کربلا اور کربلا سے لے کر آخری سانس تک انتہائی کٹھن اور سنگین حالات برداشت کر کے عالم انسانیت کے لیے صبر و استقامت کی ایسی بنیادیں فراہم کیں جن سے ہر دور کا انسان حق پر قائم رہنے کا حوصلہ پا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام سجادؑ واقعہ کربلا کے عینی شاہد ہیں، آپؑ نے اپنے مخصوص انداز اور ادعیہ کے ذریعے دنیا کو واقعہ کربلا کی اصل حقیقتوں سے آگاہ کیا، جس سے جاہل اور متعصب عناصر کے غلط پروپیگنڈے کے اثرات زائل ہو گئے، اور آپؑ نے اپنے کردار و عمل کے ذریعے یزیدیت کو بے نقاب کیا۔
یہ بھی پڑھیں : سیرت فاطمہ زہرا ہی خواتین کو استحصال سے بچا سکتی ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ امام زین العابدینؑ نے دعاؤں اور مناجات کے ذریعے انسان کو اپنے خالق سے براہ راست مربوط ہونے کا گر سکھایا، اور اگر آج صحیفہ کاملہ کی مناجات کے ذریعے اپنی زندگیوں میں انقلاب برپا کیا جائے تو ہم نہ صرف اپنے نفس پر قابو پا سکیں گے بلکہ دنیا کو مسائل و مشکلات سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کر سکیں گے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس وقت پوری انسانیت لادین قوتوں اور غیر انسانی طاقتوں کے نرغے میں ہے اور دور حاضر کی یزیدی قوتیں عالم اسلام کی دینی، علمی، ثقافتی اور تہذیبی روایات اور آزادی و استقلال کو ختم کرنے کے درپے ہیں، لہٰذا امام سجادؑ کے عطا کردہ اصولوں سے استفادہ کر کے نئے روپ میں آنے والی یزیدیت کو بے نقاب کرنا ہوگا۔







