جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں ایام فاطمیہ کی پانچ روزہ مجالس عزا کا انعقاد
شیعیت نیوز : ایام شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں پانچ روزہ مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا، جن میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے مومنین و مومنات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مجالس سے علامہ شیخ محمد شفا نجفی نے خطاب کرتے ہوئے سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت طیبہ، فضائل و مناقب، رسول اکرم ﷺ کے نزدیک آپؑ کے عظیم مقام اور دین اسلام کی سربلندی کے لیے آپؑ کی خدمات پر روشنی ڈالی۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں حضرت فاطمہ زہراء (س) کی حیات طیبہ اور اسوۂ مقاومت پر پروقار علمی کانفرنس کا انعقاد
علامہ شیخ محمد شفا نجفی نے اپنے خطابات میں سیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی روشنی میں دینی و اخلاقی اقدار، صبر و استقامت، عبادت و بندگی اور معاشرتی ذمہ داریوں کی اہمیت اجاگر کی، اور اہل بیت علیہم السلام سے تمسک اور ان کی تعلیمات پر عمل کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔
مجالس کے دوران فضا سوگوار رہی اور شرکاء نے سیدہ کونین سلام اللہ علیہا کی مظلومیت کو یاد کرتے ہوئے اہل بیت اطہار علیہم السلام کے ساتھ اپنی قلبی وابستگی اور وفاداری کا اظہار کیا۔







