کشمیر و فلسطین کا حل نہ ہونا عالمی بدامنی کی بڑی وجہ، علامہ سید ساجد علی نقوی

26 اکتوبر, 2026 11:30

شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے 27 اکتوبر یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آٹھ دہائیاں مکمل ہو گئیں مگر آج بھی کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق کے منتظر ہیں، جبکہ سری نگر اور غزہ آج کسمپرسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1947ء میں بھارتی فوج بغیر کسی آئینی اور قانونی جواز کے کشمیر پر قابض ہوئی، اور کشمیری و فلسطینی آج بھی اپنے بنیادی انسانی حقوق کے لیے نام نہاد عالمی منصفوں کی کمزور اور دوغلی پالیسیوں کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں، جنہیں اپنی ہی سرزمین پر بے وطن اور مہاجر بنا دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی یوم امن پر اقوام متحدہ کی کارکردگی سوالیہ نشان ہے، علامہ ساجد علی نقوی

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی تاسیس کو آٹھ دہائیاں گزر گئیں مگر یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ ادارہ نہ صرف ناکام ہو گیا ہے بلکہ طاقتور سامراج کی لونڈی بن کر رہ گیا ہے، اور نام نہاد جمہوریت بھارت یا غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف کسی بڑے ملک یا ادارے کی زبان سے ایک لفظ بھی نہیں نکلتا۔

انہوں نے کہا کہ آج اگر جنوبی ایشیا یا مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، جنگ اور محاذ آرائی عروج پر ہے تو اس کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر و فلسطین کا حل نہ ہونا ہے، اور آج دنیا میں بدامنی کی سب سے بڑی وجہ بھی یہی دونوں مسائل ہیں۔

12:18 شام اکتوبر 26, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔