بلوچ ہر دور میں محب اہل بیتؑ رہے ہیں، علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سہیل اکبر شیرازی، عزاداری ونگ بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی اور دیگر علمائے کرام کے ہمراہ ضلع کچھی بولان کے گاؤں امام بخش دشتی اور ضلع سبی کے علاقے بختیار آباد ڈومکی کا دورہ کیا، جہاں مومنین سے ملاقات میں علاقے کی مذہبی اور تعلیمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بلوچ تاریخی طور پر ہر دور میں محب اہل بیتؑ رہے ہیں اور کربلا کے پیغام سے اپنی گہری وابستگی کا اظہار کرتے آئے ہیں، جبکہ اہل بیتؑ کی تعلیمات محبت، اخوت، عدل و انصاف، شجاعت، ایثار اور مظلوموں کی حمایت کا درس دیتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، علامہ مقصود علی ڈومکی
انہوں نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہیں اور دینی مدارس معاشرے میں اتحاد بین المسلمین، اخلاقی تربیت اور دینی شعور کے فروغ کے اہم مراکز ہیں، جن کی خدمت اور آبادکاری سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ عزاداری امام حسینؑ محض مذہبی رسم نہیں بلکہ ظلم کے خلاف استقامت، حق گوئی اور مظلوموں کی حمایت کا پیغام ہے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے بختیار آباد ڈومکی کے سابق چیئرمین اور پاک وطن پارٹی کے سربراہ میر سیف اللہ خان ڈومکی کی عیادت کی اور ان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شہری کی جان پر حملہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے۔







