ایران اور عراق جانے والے زائرین پروازوں کی پیشگی تصدیق کریں، وزارت مذہبی امور
شیعیت نیوز : وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے ایران اور عراق جانے والے پاکستانی زائرین اور زیارت گروپ آرگنائزرز کے لیے سفری ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ روانگی سے قبل ایران یا عراق کے لیے اور دونوں ممالک کے درمیان سفر کی پروازوں، بالخصوص ایرانی پروازوں، کی پیشگی تصدیق ضرور کی جائے۔
وزارت کے ترجمان کے مطابق تہران یا مشہد سے نجف اشرف کے درمیان فضائی سفر کرنے والے زائرین غیر یقینی پروازوں پر انحصار سے گریز کریں اور متبادل سفری انتظامات پیشگی یقینی بنائیں۔ پروازوں کی منسوخی یا کسی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر زائرین ایران اور عراق کے درمیان متبادل زمینی یا فضائی سفر اور اضافی قیام و طعام کے اخراجات کے لیے مناسب رقم بھی اپنے پاس رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی پابندیوں کے باوجود ایران سے نجف اشرف کے لیے پروازیں بحال، ایران ایئر کی پہلی پرواز روانہ
وزارت نے تمام رجسٹرڈ زیارت گروپ آرگنائزرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ ایرانی پروازوں پر انحصار نہ کریں اور سفر سے قبل اپنے گروپس میں شامل تمام زائرین کو اس ایڈوائزری سے آگاہ کریں۔ ایڈوائزری میں ایران یا عراق کے سفر پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔
ترجمان کے مطابق یہ ایڈوائزری وزارت خارجہ سے موصولہ ہدایات اور بغداد میں پاکستانی سفارت خانے کے مشورے کی روشنی میں جاری کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ عراق سے پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں معطلی کے بعد دوبارہ بحال کر دی گئی ہیں اور بغداد سے پہلی پرواز 100 سے زائد مسافروں کو لے کر کراچی پہنچی تھی۔






