شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، شہداء کی یاد منانا دراصل ان کے مشن، نظریے اور مظلوموں کے دفاع کے عزم کی تجدید ہے۔ وہ سانحہ شب عاشور جیکب آباد کے شہداء کی گیارہویں برسی کے موقع پر کوئٹہ روڈ پر واقع مقتل شہداء میں منعقدہ سالانہ عظمت شہداء کانفرنس سے صدارتی خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ شب عاشور جیکب آباد کا درد آج بھی اہل علاقہ اور لواحقین کے دلوں میں تازہ ہے، جبکہ شہداء کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے حق، استقامت اور قربانی کا درس ہیں۔ دہشت گردی، انتہاپسندی اور تکفیری سوچ نے ملک کے امن، قومی یکجہتی اور شہریوں کے تحفظ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی شر انگیز سرگرمیوں کو روکے، تمام شہریوں کی جان و مال، مذہبی آزادی اور عبادت گاہوں کا تحفظ یقینی بنائے اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : شہدائے جیکب آباد کی برسی 23 اکتوبر کو منائی جائے گی، علامہ مقصود علی ڈومکی
کانفرنس کا انعقاد مجلس وحدت مسلمین اور وارثان شہداء کمیٹی کے زیر اہتمام کیا گیا۔ مہمان خصوصی میر رافع حسین خان جکھرانی نے کہا کہ شہدائے جیکب آباد نے حسینیت کی راہ میں اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ شہداء کے مشن کو زندہ رکھا جائے گا اور مظلوموں کی آواز بلند کی جائے گی، جبکہ علامہ سید ظفر عباس شمسی نے ملک میں امن، انصاف، رواداری اور اتحاد کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
کانفرنس سے علامہ سائیں بخش مناظری، علامہ سید اختر حسین نقوی، علامہ اویس علی نجفی اور علامہ سیف علی ڈومکی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مقتل شہداء پر شمعیں روشن کی گئیں اور شرکاء نے عزم کیا کہ شہداء کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ کانفرنس کا اختتام شہداء کے درجات کی بلندی، ملک میں امن و استحکام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کی دعا کے ساتھ ہوا۔







