ریاض ایئرپورٹ اور سعودی تیل پائپ لائن پر میزائل و ڈرون حملے، یمنی مسلح افواج
شیعیت نیوز : یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے اعلان کیا ہے کہ سعودی جارحیت اور یمنی عوام کے خلاف آل سعود کے مسلسل جرائم کے جواب میں دو فوجی کارروائیاں انجام دی گئی ہیں، جن میں سعودی رجیم کے اسٹریٹجک اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ میزائل فورس نے سعودی دارالحکومت ریاض میں کنگ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا جو ٹھیک ہدف پر لگا، جبکہ متعدد ڈرون طیاروں کے ذریعے مشرق مغرب پائپ لائن پر خام تیل کے پمپنگ اسٹیشنز کو بھی براہ راست اور درست نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی ہوائی اڈوں پر حملے فضائی محاصرے کا حصہ ہیں، انصاراللہ یمن
یحییٰ سریع نے کہا کہ یہ کارروائیاں محاصرے کے بدلے محاصرے کی پالیسی کے تحت کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ یہ پائپ لائن سعودی عرب کے مشرقی علاقوں سے بحیرہ احمر کی بندرگاہ ینبع تک خام تیل منتقل کرتی ہے اور آبنائے ہرمز کو بائی پاس کرنے والا متبادل برآمدی راستہ ہے۔
صنعاء واضح کر چکا ہے کہ یمن پر جارحیت اور پابندیوں کا جواب برابر کے اقدامات سے دیا جائے گا، اور سعودی ہوائی اڈوں اور توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانا آل سعود پر جارحیت روکنے اور 2015 سے مسلط محاصرہ ختم کرنے کے لیے دباؤ کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔







