سیرت فاطمہ زہرا ہی خواتین کو استحصال سے بچا سکتی ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ خواتین عالم کے لیے بیٹی، بیوی اور ماں ہر زاویہ نگاہ سے بہترین نمونہ عمل اور آئیڈیل شخصیت دختر رسول اکرم ﷺ جناب سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ذات ہے۔ انہوں نے یہ بات ایام فاطمیہ کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہی۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ زہرا، بتول، سیدۃ النساء، طاہرہ، محدثہ اور ام ابیہا آپ کے مشہور القاب ہیں اور دختر رسول ہونے کے ناطے آپ قیامت تک عالم نسواں کے لیے نمونہ عمل ہیں۔ انہوں نے شاعر مشرق علامہ اقبال کا شعر نقل کیا کہ مزرع تسلیم را حاصل بتول، مادران را اسوہ کامل بتول، یعنی آپ تمام ماؤں کے لیے کامل ترین نمونہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ سنگین دور میں جب خواتین میں فکری انتشار پیدا ہو چکا ہے اور ترقی و جدت کے نام پر بالخصوص یورپ اور مغربی معاشروں میں خواتین کا شدت سے استحصال کیا جا رہا ہے، ایسے حالات میں سیدہ فاطمہ زہرا کی سیرت اور کردار ہی وہ واحد ذریعہ ہے جو دنیا بھر کی خواتین کو انحراف، استحصال اور گناہوں سے بچا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دینی طلبہ کی علمی و تحقیقی صلاحیتیں نکھارنا ضروری ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ آزادی نسواں کے نام پر عورت کی عزت و حرمت کو پامال کرنے والوں کے مقابلے میں مسلم خواتین ان اصولوں کی روشنی میں جدوجہد کریں جو جناب سیدہ کی سیرت سے سامنے آئے ہیں، کیونکہ آپ کی پرورش آغوش رسول ﷺ میں ہوئی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ سیدہ کی یاد اور پیغام کو زندہ رکھنے کا طریقہ یہ ہے کہ عقیدت و محبت کے ساتھ ان کے کردار کو اپنایا جائے۔ خواتین ذاتی اور خاندانی معاملات سے لے کر اجتماعی امور تک ہر موقع پر سیرت فاطمہ زہرا کو مدنظر رکھیں اور معاشرے کو ایسی نیک سیرت نسلیں فراہم کریں جو بہتر معاشرے کے قیام کی صلاحیت رکھتی ہوں۔






