ریاض ایئرپورٹ پر حملے میں سعودی طیارہ بھی نشانہ بنا، سعودی رجیم کا اعتراف
شیعیت نیوز : سعودی رجیم کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اعتراف کیا ہے کہ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو دو حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ اتھارٹی کے مطابق پہلے حملے میں ہوائی اڈے سے وابستہ تنصیبات جبکہ دوسرے حملے میں سعودی ایئرلائنز کے ایک طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔
اس اعتراف سے چند گھنٹے قبل باخبر ذرائع نے بتایا تھا کہ ریاض ایئرپورٹ پر زوردار دھماکوں کے بعد کم از کم ایک طیارے کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ دیگر ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ پر دکھائی دینے والا دھواں ایک طیارے سے اٹھ رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : یمن کا ریاض پر حملہ، کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ عارضی طور پر بند
یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی سریع نے اعلان کیا تھا کہ یمنی فورسز نے ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ پر دو کروز میزائل، نجران ایئرپورٹ پر ایک بیلسٹک میزائل اور خمیس مشیط کے فضائی اڈے پر ایک بیلسٹک میزائل داغا، جن کے نتیجے میں دونوں ہوائی اڈوں پر فضائی آمدورفت متاثر ہوئی۔
یحیی سریع نے ہفتے کی شام جاری بیان میں ریاض ایئرپورٹ کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے فضائی کمپنیوں اور مسافروں کو اس کے استعمال سے گریز کی ہدایت کی اور کہا کہ ایئرپورٹ کو چلانے کے نتائج کی ذمہ داری سعودی رجیم پر عائد ہوگی۔ واضح رہے کہ صنعاء ایئرپورٹ پر سعودی جارحیت کے بعد یمنی مسلح افواج نے ایئرپورٹ کے بدلے ایئرپورٹ کی پالیسی کا اعلان کیا تھا۔







