ایرانی قوم امریکی دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکے گی، اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ
شیعیت نیوز : ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایرانی قوم امریکی سامراج کی فوجی دھمکیوں اور دباؤ کے سامنے ہرگز نہیں جھکے گی، اور جب تک امریکہ اپنا طرز عمل تبدیل نہیں کرتا اور زور زبردستی و لالچ کی روش ترک نہیں کرتا، اسلامی جمہوریہ ایران کے نزدیک اس کے دعوؤں کی کوئی اہمیت نہیں۔
قالیباف نے کہا کہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے کیپیچولیشن قانون کی مخالفت کرتے ہوئے امریکہ اور صیہونی حکومت کے گہرے تعلق کو بے نقاب کیا تھا اور آج یہ تعلق پہلے سے کہیں زیادہ واضح ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پابندیوں، ٹارگٹ کلنگ، فوجی کارروائیوں اور اقتصادی دباؤ کے ذریعے ایرانی قوم کا عزم توڑنے کی واشنگٹن کی کوششیں اسی تسلط پسندانہ پالیسی کا تسلسل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم نے گزشتہ 47 برسوں میں غلامی کی زنجیریں توڑ دی ہیں اور آج ایران مغرب یا مشرق کی نوآبادی نہیں بلکہ خطے کی ایک طاقتور اور خودمختار قوت ہے۔ آج کا ایران پہلوی دور کا ایران نہیں بلکہ خود اعتمادی، دفاعی صلاحیت اور فولادی عزم کا مضبوط قلعہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ 7 شرائط پوری کیے بغیر اعتماد حاصل نہیں کر سکتا، محمد باقر قالیباف کی پاکستانی آرمی چیف سے گفتگو
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے خبردار کیا کہ ایران اپنی سرزمین کی سالمیت کے خلاف کسی بھی اقدام کا ایسا جواب دینے کے لیے تیار ہے جس کا دشمن تصور بھی نہیں کر سکتے، اور وسیع پیمانے پر جنگ یا ٹارگٹ کلنگ کی دھمکیاں ایرانی قوم کو اپنے حقوق اور مفادات سے دستبردار نہیں کر سکتیں۔
قالیباف نے کہا کہ امریکہ غلط اندازوں اور ایران کے خلاف جنگ کے باعث دلدل میں پھنس چکا ہے اور اب امریکیوں کو اپنی نجات کے لیے خود ہی ضروری اقدامات کرنا ہوں گے۔







