سعودی جارحیت میں اب تک 193 یمنی شہید اور 468 زخمی، یمنی وزارت صحت
شیعیت نیوز : یمنی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر انیس الاصبحی نے کہا ہے کہ سعودی رجیم کی تازہ جارحیت کے آغاز سے اب تک 661 یمنی شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں جن میں 193 شہید اور 468 زخمی شامل ہیں۔ شہداء میں 62 بچے اور 24 خواتین جبکہ زخمیوں میں 122 بچے اور 59 خواتین شامل ہیں۔
ڈاکٹر انیس الاصبحی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سعودی رجیم کے حملوں میں 51 افراد شہید و زخمی ہوئے جن میں 21 شہداء شامل ہیں۔ صوبہ صنعاء کے علاقے ہمدان میں ایک قتل عام میں 8 افراد شہید ہوئے جبکہ تعز اور الحدیدہ میں بھی شہریوں کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مجموعی جانی نقصان میں خواتین اور بچوں کا تناسب 60 فیصد سے زیادہ ہے جو ثابت کرتا ہے کہ سعودی رجیم جان بوجھ کر عام شہریوں، رہائشی علاقوں، بازاروں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی جارحیت کے 100 دن، 155 یمنی شہید اور 407 زخمی، یمنی وزارت صحت
یمنی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ اب تک تقریباً 670 طبی مراکز کو نقصان پہنچا ہے جن میں 139 اسپتال شامل ہیں، 165 طبی مراکز مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں اور 129 ایمبولینسوں کو نشانہ بنایا گیا۔ تعز کے ضلع المسراخ میں تقریباً 20 ہزار افراد کو خدمات دینے والا ایک صحت مرکز مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
ڈاکٹر انیس الاصبحی نے خبردار کیا کہ ادویات اور طبی سامان پر پابندیوں اور جاری محاصرے نے یمن کے نظام صحت پر شدید دباؤ ڈال دیا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ صنعاء ایئرپورٹ کھولنے اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے فوری اقدام کیا جائے۔







