سعودی جارحیت کے 100 دن، 155 یمنی شہید اور 407 زخمی، یمنی وزارت صحت

22 اکتوبر, 2026 06:16

شیعیت نیوز : یمن کی وزارت صحت عامہ و ماحولیات نے اعلان کیا ہے کہ 13 جولائی 2026 کو شروع ہونے والی سعودی جارحیت کے پہلے 100 دنوں میں 562 یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں، جن میں 155 شہید اور 407 زخمی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : 3 ستمبر سے سعودی جارحیت میں 141 یمنی شہید، اکثریت خواتین و بچے، یمنی وزارت صحت

وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر انیس الاصبحی نے بدھ کے روز پریس کانفرنس میں بتایا کہ مجموعی جانی نقصان کا 32 فیصد سے زیادہ صوبہ تعز میں ہوا، جس کے بعد صعدہ اور الجوف کا نمبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف 16 سے 18 اکتوبر کے دوران سعودی حملوں میں 29 افراد شہید اور 88 زخمی ہوئے۔

ترجمان نے حالیہ جرائم کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ 18 اکتوبر کو صعدہ کے ضلع سحار میں علی القحم کے گھر پر سعودی فضائی حملے میں 10 سے زائد افراد شہید اور 23 سے زیادہ زخمی ہوئے، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی تھی، اور شہداء میں 7 بچے شامل تھے۔ اسی طرح تعز کے ضلع ذباب میں الکدحہ کے ساحل پر ماہی گیروں کی کشتیوں پر حملے میں 8 ماہی گیر شہید ہوئے، جبکہ ضلع المعافر کے علاقے النشمہ میں ایک گھر پر بمباری سے ایک ماں اور اس کے تین بچے شدید زخمی ہوئے۔

یمنی وزارت صحت کے مطابق جارحیت کی اس نئی لہر کا آغاز صنعاء بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سعودی حملوں سے ہوا تھا، جبکہ ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں پر مسلسل پابندیوں اور فضائی سفر کی بندش نے ہزاروں مریضوں کو بیرون ملک علاج سے محروم کر دیا ہے اور ادویات و طبی سامان کی قلت نے صحت کے بحران کو سنگین بنا دیا ہے۔

وزارت نے کہا کہ شہریوں کے گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو مسلسل نشانہ بنانا اور مریضوں کے سفر پر پابندیاں بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ یمنی حکام کے مطابق یہ اعداد و شمار ثابت کرتے ہیں کہ آل سعود کی جارحیت کا اصل نشانہ یمن کے نہتے شہری، خواتین اور بچے ہیں۔

7:12 صبح اکتوبر 22, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔