علامہ احمد اقبال رضوی کی اربعین واک کیس میں نامزد خاتون رہنما سے اظہار یکجہتی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنی اہلیہ سابق ایم پی اے سیدہ زہراء نقوی، دختر شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی، کے ہمراہ اٹک کا تنظیمی دورہ کیا، جہاں انہوں نے اربعین واک کے حوالے سے درج مقدمے کا سامنا کرنے والی ویمن ونگ کی مرکزی رہنما خواہر زینب بنت الہدیٰ سے ملاقات کر کے ان سے اظہار یکجہتی کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے تنظیمی برادران سے ملاقات کی اور ضلع اٹک کی مجموعی تنظیمی و مقامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید نیاز حسین بخاری، ضلعی نائب صدر زاہد حسین بیگ اور تحصیل اٹک کے عہدیداران شریک تھے، جبکہ مولانا سید نیاز حسین بخاری نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں ضلعی تنظیمی صورتحال سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایم ڈبلیو ایم شمالی پنجاب شوریٰ کا اجلاس، 12 اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ
واضح رہے کہ اربعین حسینی کے موقع پر اٹک میں اربعین واک کے حوالے سے خواہر زینب بنت الہدیٰ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی، جس کے بعد وہ ضمانت پر ہیں۔ علامہ سید احمد اقبال رضوی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران ان کے عزم و حوصلے کو سراہا اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، جبکہ سیدہ زہراء نقوی نے بھی ان سے اظہار یکجہتی کیا۔
خواہر زینب بنت الہدیٰ نے علامہ سید احمد اقبال رضوی اور سیدہ زہراء نقوی کی آمد، حوصلہ افزائی اور تعاون کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ان کے شوہر سید اقرار حسین نقوی اور دیگر اہل خانہ بھی موجود تھے۔ یہ دورہ تنظیمی روابط کے فروغ اور مشکل حالات میں رفقائے تنظیم کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا مظہر تھا۔







