دینی طلبہ کی علمی و تحقیقی صلاحیتیں نکھارنا ضروری ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی
شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے دینی مدارس کے طلبہ کی علمی و تحقیقی صلاحیتوں کو نکھارنے، علمی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور ان کی فکری و تعلیمی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وہ جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ پاکستان کے زیر اہتمام بین المدارس علمی مقابلوں کی اختتامی تقریب اور سالانہ تقسیم انعامات سے خطاب کر رہے تھے۔
تقریب میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سینئر نائب صدر علامہ سید محمد تقی نقوی، نائب صدور علامہ عارف حسین واحدی اور علامہ محمد رمضان توقیر سمیت متعدد علمائے کرام نے خصوصی شرکت کی، جبکہ مدارس دینیہ کے مہتمم حضرات، اساتذہ، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے مؤثر ثالثی کا کردار ادا کرے، علامہ سید ساجد علی نقوی
جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے پاکستان میں نمائندہ حجت الاسلام والمسلمین علی شمسی پور اور جمہوری اسلامی ایران کے سفارت خانے کے ثقافتی شعبے کے ڈائریکٹر مجید مشکی بھی تقریب میں شریک تھے۔ رئیس الواعظین علامہ سید محمد تقی نقوی نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دینی تعلیم، علمی سرگرمیوں اور طلبہ کی فکری تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
تقریب کا مقصد دینی مدارس کے طلبہ میں علمی سرگرمیوں کا ذوق پیدا کرنا، تعلیمی میدان میں صحت مند مسابقت کو فروغ دینا اور دینی علوم کے حصول میں ان کی استعداد کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ آخر میں مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے اور ان کی محنت اور علمی استعداد کو سراہا گیا۔







