ایم ڈبلیو ایم شمالی پنجاب شوریٰ کا اجلاس، 12 اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ شمالی پنجاب کی صوبائی شوریٰ کا اہم آن لائن اجلاس وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں صوبے کے 14 میں سے 12 اضلاع کے ضلعی مسئولین سمیت مرکزی اور صوبائی ذمہ داران نے شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت صوبائی نائب صدر علامہ عقیل خان سیال نے حاصل کی، جبکہ مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری انجینئر سید ظہیر عباس نقوی نے فرمان معصومؑ کی تلاوت اور تشریح پیش کی۔ اجلاس کے دوران ضلعی مسئولین نے اپنے اپنے اضلاع کی تنظیمی کارکردگی، پیش رفت اور جاری سرگرمیوں پر مشتمل جائزہ رپورٹس پیش کیں، جن پر شرکاء نے تفصیلی غور کیا اور مسئولین کی آراء، تجاویز اور مسائل کو سنا۔
یہ بھی پڑھیں : رانا کاظم کو فوری بازیاب کیا جائے، لاہور پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیف آرگنائزر سید ناصر عباس شیرازی نے حالات حاضرہ کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے موجودہ حالات کے تقاضوں اور تنظیمی ذمہ داریوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ مرکزی صدر ایمپلائز ونگ سلیم عباس صدیقی نے تنظیمی ڈھانچے میں مختلف ونگز کی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے ضلعی صدور کو ایمپلائز ونگ کو مزید فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات کی ہدایت کی، جبکہ مرکزی مسئول آفس ارشاد حسین بنگش اور مرکزی کوآرڈینیٹر برائے اجرائی امور آصف رضا ایڈووکیٹ نے نظم و ضبط برقرار رکھنے اور تمام شعبہ جات کو منظم انداز میں فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کا مرکزی اور اختتامی خطاب علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کیا، جس میں انہوں نے تنظیمی استحکام، ذمہ داران کے کردار، اجتماعی جدوجہد اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ صوبائی صدر مولانا ظہیر الحسن کربلائی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مشاورتی نشست صوبے میں تنظیمی فعالیت، رابطہ کاری اور نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔ اجلاس کے اختتام پر امام زمانہ حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے حضور دعائے فرج پیش کی گئی۔







