پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے مؤثر ثالثی کا کردار ادا کرے، علامہ سید ساجد علی نقوی

20 اکتوبر, 2026 17:54

شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جنگی ماحول پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امت مسلمہ جسدِ واحد ہے، موجودہ صورتحال کے خاتمے کے لیے پاکستان کو ایک بار پھر باہمی تنازعات کے حل اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے آگے بڑھ کر مؤثر ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیے۔

علامہ ساجد نقوی نے رہبر انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای اور شیخ الازہر مصر ڈاکٹر احمد الطیب کے بیانات کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن و استحکام کے لیے مثبت اور سنجیدہ رہنمائی قرار دیا۔ انہوں نے ایران کی جانب سے بارہا ثالثی کی پیشکش اور شیخ الازہر کی جانب سے فوری ثالثی و مصالحتی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز کو اہم قرار دیا اور زور دیا کہ ان تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ اس کمیٹی میں ایسے مخلص اور صاحبِ عقل افراد شامل ہونے چاہئیں جو فریقین کے درمیان مصالحت کی راہ ہموار کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : تنصیبات پر حملہ ہوا تو آبنائے ہرمز میں انٹرنیٹ کیبلز محفوظ نہیں رہیں گی، سپاہ پاسداران

انہوں نے قرآن حکیم کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے اور تفرقے سے بچے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک اہم اسلامی اور ایٹمی ریاست ہونے کے ناطے تنازعات کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تمام فریقین کا پاکستان پر اعتماد اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ وہ ماضی کی طرح سنجیدہ سفارتی کوششوں کے ذریعے کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے خبردار کیا کہ اس نازک مرحلے پر امت مسلمہ کو اشتعال انگیز اور منفی بیانات سے اجتناب کرتے ہوئے دشمن کی سازشوں سے پوری طرح ہوشیار رہنا ہوگا، تاکہ اختلافات کو ہوا دینے کے بجائے اتحاد اور افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل کا پرامن حل نکالا جا سکے۔

6:55 شام اکتوبر 20, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔