ایف آئی آرز اور فورتھ شیڈول سے مجالس عزا کو نہیں روکا جاسکتا، شیعہ علماء کونسل
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ ’پیغامِ حسین (ع) کانفرنس‘ میں مقررین نے واضح کیا ہے کہ عزاداری سید الشہداءؑ پر کسی قسم کی ریاستی پابندی قبول نہیں اور ایف آئی آرز یا فورتھ شیڈول کی دھمکیوں سے مجالسِ عزا کو ہرگز نہیں روکا جا سکتا۔ کانفرنس سے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سینئر نائب صدر علامہ سید محمد تقی نقوی، صوبائی صدر شمالی پنجاب علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی، صوبائی صدر جنوبی پنجاب علامہ سید عامر عباس ہمدانی، صوبائی صدر وسطی پنجاب سید ساجد حسین نقوی اور سربراہ ملتِ جعفریہ لندن مولانا سید محمد سبطین کاظمی سمیت دیگر اکابرین نے خطاب کیا۔
علامہ سید محمد تقی نقوی نے اپنے خطاب میں واقعۂ کربلا کو ظلم کے خلاف مزاحمت کا ابدی درس قرار دیتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام نے اپنے کردار سے واضح کیا کہ حق پر ثابت قدمی ہی حسینی کردار کی علامت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پیغامِ حسینؑ کا تقاضا معاشرے میں عدل و انصاف کا قیام، مظلوموں کی حمایت اور باطل کے خلاف ڈٹ جانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں مومنین کے درمیان اتحاد اور اجتماعی شعور وقت کی اہم ضرورت ہے، اور درپیش مسائل کا مقابلہ انفرادی کے بجائے منظم جدوجہد سے ہی ممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی ناظم الامور کا سکردو کا خفیہ دورہ، انجمن امامیہ کی قرارداد کے باوجود آمد پر عوام کا شدید احتجاج
اس موقع پر شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی کی آمد پر ضلع فیصل آباد کے صدر مولانا چوہدری نصرت حسین اور ان کی کابینہ نے پرتپاک استقبال کیا۔ علامہ اشتیاق کاظمی نے تشیع کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جامع حکمت عملی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حقوق کی پامالی روکنے کے لیے اتحاد بین المومنین ناگزیر ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے شرکاء سے عہد لیا کہ جب بھی قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان آواز دیں گے، مومنین بھرپور لبیک کہیں گے۔
کانفرنس سے مولانا نصرت حسین، علامہ مرزا حسین صابری، مولانا اعجاز حسین مہدی، مولانا دلاور علی نجفی، مولانا سبط حسن نوری اور ملک عدنان علوی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کا اختتام ملت تشیع کی فلاح، ملکی سلامتی اور عزاداری کے تحفظ کی دعاؤں پر ہوا، جس کے بعد تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔







