کوئٹہ میں امن و اتحاد کا فروغ: شیعہ علماء کی سینیٹر مولوی عبدالواسع سے اہم ملاقات

08 اکتوبر, 2026 14:02

شیعیت نیوز : جمعیت علماء اسلام (ف) بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولوی عبدالواسع سے کوئٹہ کے معروف شیعہ علماء اور امام جمعہ علامہ سید ہاشم موسوی، علامہ ولایت حسین جعفری، علامہ سید محمود حسینی اور حاجی شبیر حسین نے اہم ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں اتحادِ امت کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ کوئٹہ شہر میں مذہبی ہم آہنگی، امن و اتحاد اور باہمی رواداری کے فروغ کے لیے علماء اپنا مؤثر اور قائدانہ کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں : جیکب آباد: مراجع عظام اور رہبر معظم کی شان میں گستاخی پر نوجوانوں کی معافی، آئندہ نہ دہرانے کا عہد

ملاقات کے دوران کوئٹہ شہر میں بڑھتے ہوئے نامناسب ثقافتی رجحانات پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے جمعیت علماء اسلام کے ضلعی سیٹ اَپ کے تحت ‘امر بالمعروف و نہی عن المنکر’ کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ سینیٹر عبدالواسع نے متنبہ کیا کہ بعض عناصر کوئٹہ کے حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم علماء اور مذہبی رہنماؤں کو باہمی تعاون سے ان کے عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔

اس موقع پر علامہ سید ہاشم موسوی نے زور دیا کہ شہر کے حالات کو بگاڑ سے بچانے، معاشرے میں اصلاح اور امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کوئٹہ میں امن و اتحاد اور باہمی بھائی چارے کے فروغ کے لیے مذہبی و سیاسی قیادت کے درمیان رابطے اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

2:40 شام اکتوبر 8, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔