جیکب آباد: مراجع عظام اور رہبر معظم کی شان میں گستاخی پر نوجوانوں کی معافی، آئندہ نہ دہرانے کا عہد
شیعیت نیوز : جیکب آباد کی مرکزی امام بارگاہ میں ایک اہم نشست منعقد ہوئی جس میں ولی فقیہ شہید رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی، شہید سید حسن نصر اللہ اور دیگر مراجع عظام کی شان میں نازیبا گفتگو کرنے والے نوجوانوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے باقاعدہ معافی مانگ لی ہے۔ نوجوانوں نے ویڈیو پیغام اور بالمشافہ ملاقات میں علماء و مجتہدین کی عظمت کو خراج عقیدت پیش کیا اور عہد کیا کہ وہ آئندہ کبھی کسی محترم مذہبی شخصیت کی شان میں گستاخی نہیں کریں گے۔
اس اہم نشست میں مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ مقصود علی ڈومکی، مشیر سید کامران علی شاہ، ضلعی صدر نذیر حسین جعفری، اور دیگر رہنماؤں سمیت معافی کے لیے آنے والے وفد کی قیادت کرنے والے پی پی پی رہنما دیدار علی جکھرانی اور ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ مظفر علی رند موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں : یمن ہماری جنگ نہیں، سعودی عرب کا دفاع کیوں کریں؟ ترک مبصر کا دوٹوک اعلان
نشست سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو امریکہ اور اسرائیل کی سازشوں کا سامنا ہے، جو مکارانہ پروپیگنڈے کے ذریعے عاشقان اہل بیتؑ میں اختلافات پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مرجع تقلید یا رہبر کی دل آزاری اتحاد کے لیے نقصان دہ ہے، تاہم نوجوانوں کا خود چل کر آنا اور غلطی تسلیم کرنا خوش آئند ہے۔ پی پی پی رہنما دیدار علی جکھرانی نے رہبر معظم کو امت کا باوقار رہنما قرار دیتے ہوئے ان کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا، جبکہ ایڈووکیٹ مظفر علی رند نے واضح کیا کہ رہبر شہید ہماری ریڈ لائن ہیں، اگر ان نوجوانوں نے دوبارہ ایسی حرکت کی تو انہیں ہم خود قرار واقعی سزا دیں گے۔
نوجوانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے محمد علی کربلائی اور سید غلام شبیر شاہ نے اپنی غلطی پر شدید شرمندگی کا اظہار کیا اور تمام علماء، بزرگوں اور مومنین سے معافی مانگی۔ ایم ڈبلیو ایم رہنماؤں سید کامران علی شاہ اور سید مظہر علی شاہ نقوی نے ولی فقیہ، امام خمینیؒ اور آقا سید مجتبیٰ خامنہ ای کے ساتھ اپنی غیر متزلزل عقیدت و وفاداری کا اعادہ کیا۔ اجلاس کے اختتام پر علماء اور اکابرین نے معزز شخصیات کی جانب سے دی گئی ضمانت اور نوجوانوں کی ندامت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں معاف کر دیا۔







