حکمرانوں کی نااہلی کے باعث کراچی جوہڑ بن چکا ہے، علامہ حیات عباس نجفی

07 اکتوبر, 2026 10:58

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) پاکستان سندھ کے صدر علامہ حیات عباس نجفی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی انتظامی نااہلی کے باعث کراچی شہر جوہڑ کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس سے شہریوں کے معمولاتِ زندگی اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک شدید مشکلات کا شکار ہے لیکن حکمران عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے اقتدار کے مزے لوٹنے میں مصروف ہیں۔

اپنے بیان میں علامہ حیات عباس نجفی نے کہا کہ سندھ کے عوام طویل عرصے سے محرومیوں، بنیادی سہولیات کی کمی اور ناقص حکمرانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر عوام کے مسائل اور شکایات کا ازالہ نہ کیا گیا تو ان کا غم و غصہ ایک عوامی ردعمل کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت پر زور دیا کہ حالیہ بارشوں نے ترقیاتی منصوبوں اور شہری سہولیات کی کمزوریوں کو بے نقاب کر دیا ہے، لہٰذا تمام اضلاع کے انفراسٹرکچر کی بحالی اور برساتی پانی کے مؤثر ذخیرے و نکاسی کے لیے واٹر ریزروائرز کی تعمیر کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت تاریخی کم ترین سطح پر

علامہ حیات عباس نجفی نے مزید کہا کہ عوام کو بہتر تعلیمی اور طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے خستہ حال سرکاری اسکولوں اور اسپتالوں کی فوری مرمت اور بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے سندھ کی معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے صنعتی اسپیشل اکنامک ڈسٹرکٹس قائم کرنے اور ٹیکس فری زونز متعارف کروانے کا مطالبہ کیا، تاکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی مشکلات کے حل، شہری انفراسٹرکچر کی بہتری اور صوبے کی معاشی ترقی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے تاکہ سندھ کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

11:31 صبح اکتوبر 7, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔