ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت تاریخی کم ترین سطح پر
ٹرمپ
شیعیت نیوز : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت حالیہ دنوں میں اپنی تاریخی کم ترین سطح پر برقرار ہے، جبکہ بڑی تعداد میں ہسپانوی (ہسپینک) ووٹرز نے ان کی کارکردگی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ ماہ ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چھ روزہ سروے کے نتائج کے مطابق صرف 32 فیصد امریکیوں نے ٹرمپ کی صدارت کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، جو ستمبر میں کیے گئے رائٹرز-اِپسوس سروے کے برابر ہے اور ان کے سیاسی کیریئر کی کم ترین سطح ریکارڈ کی گئی ہے۔
ہسپانوی ووٹرز نے 2024 کے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا تھا اور اس وقت ٹرمپ کو اس طبقے کے تقریباً نصف ووٹ ملے تھے، جبکہ 2020 میں یہ شرح ایک تہائی تھی۔ تاہم حالیہ مہینوں میں ٹرمپ کی حمایت میں تیزی سے کمی آئی ہے جس کی بڑی وجہ امریکی شہریوں کا ایران کے خلاف جنگ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی کمر توڑ مہنگائی سے شدید متاثر ہونا ہے۔ سروے کے مطابق صرف 24 فیصد ہسپانوی نژاد امریکیوں نے وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کی کارکردگی پر رضامندی ظاہر کی ہے، جو ان کی دونوں صدارتی مدتوں کے دوران اس طبقے میں اب تک کی کم ترین شرح ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی معیشت ایک ڈراؤنا بھوت بن چکی، اسپیکر محمد باقر قالیباف کا امریکی وزیر خزانہ پر گہرا طنز
سروے سے یہ بھی واضح ہوا ہے کہ ٹرمپ کی گرتی ہوئی مقبولیت ریپبلکن پارٹی پر براہِ راست منفی اثر ڈال رہی ہے۔ 3 نومبر کے انتخابات سے قبل رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 44 فیصد نے ڈیموکریٹس جبکہ صرف 37 فیصد نے ریپبلکنز کی حمایت کی۔ اس کے علاوہ آزاد ووٹرز میں بھی ڈیموکریٹس کو 37 فیصد جبکہ ریپبلکنز کو محض 21 فیصد حمایت حاصل ہوئی ہے، اور ہسپانوی رجسٹرڈ ووٹرز میں سے صرف 26 فیصد ریپبلکن امیدواروں کو ووٹ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ انتخابات امریکی کانگریس کے دونوں ایوانوں کے کنٹرول کا فیصلہ کریں گے اور ٹرمپ کی صدارتی مدت کے آخری دو برسوں کی سیاسی صورتحال کا تعین کریں گے۔







