شہید حسن نصراللہؒ کی پوری زندگی ظلم کے خلاف مزاحمت سے عبارت تھی، علامہ مختار امامی

04 اکتوبر, 2026 18:34

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن (ضلع وسطی) اور وحدت یوتھ کے زیرِ اہتمام امام بارگاہ شاہِ کربلا، رضویہ سوسائٹی ناظم آباد میں قائدِ مقاومت شہید سید حسن نصراللہؒ کی مرکزی مجلسِ برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس پروقار تقریب سے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ مختار احمد امامی نے خصوصی خطاب کیا۔

علامہ مختار احمد امامی نے اپنے خطاب میں شہید سید حسن نصراللہؒ کی عظیم مزاحمتی جدوجہد، فلسطین کاز کے لیے لازوال خدمات اور ان کی بے مثال استقامت کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید کی پوری زندگی ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت اور مظلومین کی غیر متزلزل حمایت سے عبارت تھی۔ قائدِ مقاومت نے مسئلہ فلسطین کو پوری امت مسلمہ کا مرکزی مسئلہ بنا کر پیش کیا اور اپنی سیاسی حکمت، بصیرت اور شجاعت سے دشمن کے تمام ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

یہ بھی پڑھیں : تفتان بارڈر پر کانوائے ایک ماہ سے معطل، زائرین کو ریمدان کے راستے سفر کرنے کی ہدایات

انہوں نے مزید کہا کہ شہید حسن نصراللہؒ کی قیادت میں مزاحمت نے محض عسکری میدان میں ہی نہیں بلکہ فکری اور سیاسی محاذ پر بھی شاندار کامیابیاں سمیٹیں۔ شہید کی فکر آج بھی زندہ و تابندہ ہے؛ ان کا پیغام اتحادِ بین المسلمین، یقینِ محکم اور اللہ کی راہ میں ثابت قدمی کا واضح پیغام تھا۔ شہید نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ اگر قوم اپنے مقصد پر ڈٹی رہے تو دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت کو بھی شکست دی جا سکتی ہے۔ آخر میں انہوں نے زور دیا کہ آج فلسطین اور لبنان کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کرنا اور شہداء کے مشن کو جاری رکھنا ہم سب کی شرعی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ مجلس کے اختتام پر شہید قائد اور دیگر تمام شہدائے اسلام کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی فاتحہ خوانی کی گئی۔

7:19 شام اکتوبر 4, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔