افغان صوبے بامیان میں طالبان کے ہاتھوں چار شیعہ علماء کی گرفتاری
شیعیت نیوز : افغانستان کے صوبے بامیان میں طالبان کی انٹیلی جنس فورسز نے حوزہ ہائے علمیہ کی نگران کمیٹی کے چار شیعہ علماء کو گرفتار کر لیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق ان علماء کو ضلع پنجاب کے ایک دینی مدرسے میں طلاب اور علماء کا ماہانہ وظیفہ (شہریہ) تقسیم کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا، اور گرفتار شدگان میں سے دو کی شناخت فصیحی اور مطہری کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق طالبان نے شیعہ دینی مدارس کے وظائف کی منتقلی سے متعلق مالی حوالہ جات بھی ضبط کر لیے اور اس سلسلے میں بامیان کے متعدد صرافوں کی تلاشی لی، جبکہ چند صرافوں کو کچھ دیر حراست میں رکھنے کے بعد رہا کر دیا گیا۔ گرفتار علماء کو کابل منتقل کیے جانے کی اطلاعات بھی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : طالبان حکم پر کابل میں شیعہ خاتم النبیین اسپتال کی بندش
شیعہ دینی مدارس کے طلاب اور علماء کے یہ وظائف مراجع تقلید کی جانب سے اور شیعہ مومنین کے شرعی واجبات سے فراہم کیے جاتے ہیں، اور ذرائع کے مطابق طالبان گزشتہ برسوں سے اس طریقہ کار سے آگاہ تھے۔ طالبان حکام نے تاحال گرفتاری کی وجہ یا الزامات کے بارے میں کوئی سرکاری مؤقف جاری نہیں کیا۔
دوسری جانب صوبہ ہرات کے ضلع انجیل میں بھی طالبان نے دو شیعہ علماء کو ایام فاطمیہ کی مجلس کے دوران گرفتار کر لیا۔ واضح رہے کہ کابل، ہرات اور دایکنڈی سمیت شیعہ آبادی والے علاقوں میں شیعہ علماء کی گرفتاریوں، مساجد پر چھاپوں اور عزاداری پر پابندیوں کے واقعات مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔







