گلگت بلتستان بلدیاتی انتخابات کے موجودہ فارمولے پر مجلس وحدت مسلمین کے تحفظات
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کی سیاسی کونسل نے آغا سید علی رضوی کی سرپرستی میں سکردو میں منعقدہ اہم اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے موجودہ طریقہ کار، نمائندگی کے فارمولے اور حلقہ بندیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضروری اصلاحات کے بغیر انتخابات عوامی مفادات سے متصادم ہوں گے۔
کونسل نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ بلدیاتی نظام میں عوام کی مؤثر اور منصفانہ نمائندگی کا فقدان ہے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے موجودہ نظام کی قانونی و انتظامی خامیاں فوری دور کریں اور اس کے بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں، جبکہ نمائندگی کے موجودہ فارمولے کو انتہائی نامناسب اور زمینی حقائق کے منافی قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : گلگت بلتستان کے وسائل مقامی باشندوں کی ملکیت ہیں، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
اجلاس میں سکردو کے قدیمی، شہری اور ملحقہ علاقوں کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے پر شدید تشویش ظاہر کی گئی اور کہا گیا کہ کچورا، گمبہ سکردو، شگری خورد اور حسین آباد جیسے اہم علاقوں کو میونسپل کارپوریشن اور بلدیاتی نمائندگی سے الگ رکھنا مستقبل میں سنگین انتظامی، سیاسی اور سماجی مسائل کو جنم دے گا۔ گلگت شہر میں پشتینی باشندوں کی نمائندگی محدود کرنے کی کوششوں اور چلاس کے عوام کے تحفظات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
سیاسی کونسل نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ انتخابات کو محض تین شہروں تک محدود رکھنے کے بجائے پورے گلگت بلتستان میں منصفانہ، شفاف اور جامع بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ کونسل نے واضح کیا کہ اگر چند مخصوص مفادات کی خاطر عوام کی حقیقی نمائندگی کو محدود کیا گیا تو مجلس وحدت مسلمین اسے کسی صورت قبول نہیں کرے گی اور منصفانہ بلدیاتی نظام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔







