اقوام متحدہ رواداری کے فروغ میں ناکام رہی ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی

18 نومبر, 2026 19:01

شیعیت نیوز : سربراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے عالمی یوم رواداری کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کے تحفظ، جارحیت اور تسلط پسندی کے مقابلے اور دنیا میں امن و رواداری کے فروغ کے مقصد سے قائم کی گئی تھی، لیکن سات دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود یہ ادارہ اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام رہا ہے، اور فلسطین، کشمیر اور دنیا کے بہت سے دیگر علاقے آج بھی ظلم، ناانصافی اور عدم رواداری کا منظر پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے غزہ میں مظلوم فلسطینی عوام پر جاری ظلم و تشدد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عالمی یوم رواداری منایا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب فلسطینی عوام بدستور ظلم و ستم کا سامنا کر رہے ہیں اور مشرق وسطیٰ کا امن خطرے سے دوچار ہے۔ ایسے حالات میں یہ سنجیدہ سوال ہے کہ اس دن کو منانے کا کیا مطلب ہے، جبکہ دنیا کی مظلوم قومیں اب بھی ناانصافی، تشدد اور عدم برداشت کا شکار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : قرآن میں تمام مسائل کا حل موجود ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی

علامہ سید ساجد علی نقوی نے رواداری کو انسانی تقاضا اور فطرت کی پکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام الہامی مذاہب نے رواداری، باہمی احترام اور بردباری پر زور دیا ہے، جبکہ قرآن کریم اور پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت میں اس پر خصوصی تاکید کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو کسی ایک ملک یا مخصوص طاقت کے مفادات کی خدمت کے بجائے انسانی حقوق، مساوات اور انصاف کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے، کیونکہ بڑی طاقتوں کے طرز عمل نے اس ادارے کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں کشیدگی اور انتہا پسندی کی فضا کا خاتمہ صرف باہمی احترام، برداشت اور رواداری کے فروغ سے ممکن ہے، اور عالمی امن و انصاف کے لیے ضروری ہے کہ رواداری محض تقریبات اور بیانات تک محدود نہ رہے بلکہ ریاستوں اور بین الاقوامی اداروں کی پالیسیوں اور طرز عمل میں عملی طور پر بھی نظر آئے۔

7:13 شام نومبر 18, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔