عمران خان کی صحت پر سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی تشویش
شیعیت نیوز : سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف جسٹس صاحبان کے نام خط پر مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ان کی صحت، طویل قید تنہائی اور بنیادی حقوق کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور انہیں فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ اہل خانہ اور وکلا سے ملاقاتوں پر پابندی اور طبی سہولیات کی عدم فراہمی انتہائی تشویش ناک ہے، اور کسی بھی قیدی کو علاج، انسانی رابطے، وکیل تک رسائی اور منصفانہ سماعت جیسے بنیادی حقوق سے محروم رکھنا قابل قبول نہیں۔ دونوں رہنماؤں کے مطابق سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کے باوجود عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل نہیں کیا گیا اور ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ سے متعلق عدالتی ہدایات پر بھی عمل نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : گورنر راج: سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی فریق بننے کی درخواست
دونوں اپوزیشن رہنماؤں نے بشریٰ بی بی کی بینائی کو لاحق خدشات پر بھی تشویش ظاہر کی اور ان کے طبی ریکارڈ تک رسائی اور مناسب علاج یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اعلیٰ عدلیہ سے اپیل کی کہ خط میں اٹھائے گئے معاملات کا فوری نوٹس لیا جائے اور تمام مقدمات کی بلاجواز تاخیر کے بغیر میرٹ پر سماعت کی جائے، کیونکہ انصاف میں تاخیر بذات خود انصاف سے محرومی ہے۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور محمود خان اچکزئی نے واضح کیا کہ ان کا مطالبہ کسی خصوصی رعایت کا نہیں بلکہ آئین، قانون اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کا ہے، اور عمران خان کا یہ خط پورے نظام انصاف کے لیے ایک امتحان ہے۔







