آیت اللہ وحید خراسانی حوزہ علمیہ میں فقہ و اصول کے اہم ستون تھے، رہبر معظم
آیت اللہ وحید خراسانی
شیعیت نیوز : رہبر معظم انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے مرحوم کو حوزہ علمیہ میں علم فقہ و اصول کے بنیادی ستونوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانی گزشتہ کئی دہائیوں سے حوزہ علمیہ کے اہم ترین علمی و تدریسی حلقوں میں شمار ہوتے تھے۔ ان کے روزانہ منعقد ہونے والے فقہ و اصول کے دروس میں ان کی گہری تحقیقی کاوشوں اور نجف اشرف کے ممتاز علماء کی آراء پر مکمل عبور نمایاں تھا، جو طلباء کے لیے ایک قیمتی علمی موقع ثابت ہوتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : افغان صوبے بامیان میں طالبان کے ہاتھوں چار شیعہ علماء کی گرفتاری
آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے مزید کہا کہ آج حوزہ علمیہ قم اور ملک کے دیگر حوزات کے اساتذہ اور فضلاء ان کے درس میں شرکت کو اپنے لیے باعث افتخار سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مرحوم کی اہل بیت اطہارؑ سے خالص وابستگی اور شریعت کی خدمت میں ان کی طویل جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اہل ایمان اور حوزہ ہائے علمیہ پر عظیم حق ہے، جس پر سب کو شکر گزار ہونا چاہیے۔ پیغام کے اختتام پر رہبر معظم نے اس عظیم سانحے پر امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف، حوزاتِ علمیہ اور مرحوم کے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا فرمائی۔






