واشنگٹن غزہ میں نسل کشی میں براہ راست شریک ہے، امریکی سینیٹر
شیعیت نیوز : امریکی ریاست مشی گن سے منتخب ڈیموکریٹ سینیٹر نے غزہ کی جنگ میں واشنگٹن کے کردار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ امریکہ غزہ میں نسل کشی میں براہ راست شریک ہے۔ امریکی جریدے دی اٹلانٹک سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم نے نسل کشی میں مدد کی، اس کے ذمہ داروں کو ہتھیار فراہم کیے اور ان جرائم میں اپنا کردار ادا کیا، یہی حقیقت ہے۔
امریکی سینیٹر نے غزہ میں شہادتوں کی ہولناک تعداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غاصب اسرائیل کے ان جرائم میں کم از کم 70 ہزار افراد جان سے گئے ہیں، جن میں کم از کم نصف تعداد بچوں کی ہے، اور ان کے مطابق یہ تعداد بھی کم سے کم تخمینہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ناصر اسپتال حملے کے بعد غاصب اسرائیل پر اسلحہ پابندی کے مطالبات میں شدت
انہوں نے امریکی حکمرانوں کے دوہرے معیار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی دوسرے ملک نے اس نوعیت کے مظالم کیے ہوتے تو اسے سخت ترین ردعمل کا سامنا کرنا پڑتا۔
یاد رہے کہ یہ امریکی سینیٹر اس سے قبل صیہونی حکومت کو دو ہزار پاؤنڈ وزنی بموں کی فروخت کے 2.8 ارب ڈالر کے معاہدے پر بھی تنقید کر چکے ہیں، جس کی ادائیگی امریکی شہریوں کے ٹیکس سے کی جاتی ہے۔ انہوں نے یہ امداد بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسکولوں پر برسائے جانے والے بموں کے بجائے یہ رقم امریکہ کے اندر تعلیم اور صحت پر خرچ ہونی چاہیے۔







