تفتان بارڈر پر کانوائے ایک ماہ سے معطل، زائرین کو ریمدان کے راستے سفر کرنے کی ہدایات
تفتان بارڈر
شیعیت نیوز : پاک ایران سرحدی صورتحال کے پیش نظر اربعین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے زائرینِ سید الشہداءؑ اور طلابِ کرام کے لیے ایک اہم سفری اطلاع جاری کی گئی ہے۔ اس الرٹ میں زائرین کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں تفتان بارڈر سے کوئٹہ کے سفر سے حتی الامکان گریز کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی اور دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تفصیلات کے مطابق، گزشتہ ایک ماہ سے تفتان بارڈر سے کوئٹہ کے لیے کوئی کانوائے روانہ نہیں کیا گیا ہے، جس کے باعث تقریباً 35 افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں اور گزشتہ ایک ماہ سے تفتان بارڈر پر محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ اس سنگین صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے زائرین سے مؤدبانہ گزارش کی گئی ہے کہ وہ اس روٹ سے سفر کرنے سے گریز کریں۔
یہ بھی پڑھیں : یمن کے خلاف جنگ میں سعودی رجیم اور غاصب اسرائیل کی خفیہ فوجی ہم آہنگی بے نقاب
دوسری جانب، سفری اطلاع میں زائرین کو متبادل اور محفوظ راستے کے طور پر ریمدان بارڈر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ریمدان بارڈر سے کراچی کے لیے کانوائے کی سہولت مسلسل موجود ہے اور حالات سازگار ہونے کی صورت میں مقامی انتظامیہ بہت جلد مسافروں کو کراچی کی جانب روانہ کر دیتی ہے۔ اربعین فاؤنڈیشن نے تمام زائرینِ کرام سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ اپنا سفر شروع کرنے سے قبل سرحدی صورتحال کے بارے میں تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کر لیں۔







