سیدہ معصومہ شیرازی کی کتاب ’’صدائے ابابیل‘‘ کی تقریب رونمائی، مزاحمتی شاعری مظلومین کی امید ہے، مقررین

04 اکتوبر, 2026 17:42

شیعیت نیوز : آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام ممتاز عالمہ، محققہ اور شاعرہ محترمہ سیدہ معصومہ شیرازی کی تصنیف ’’صدائے ابابیل‘‘ کی پروقار تقریبِ رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔ اس علمی و ادبی تقریب کی صدارت معروف دانشور اور شاعر ڈاکٹر رضا کاظمی نے کی، جبکہ خانۂ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران کے ڈائریکٹر ڈاکٹر قاسم مرادی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ نظامت کے فرائض سید سچل عباس شیرازی نے خوش اسلوبی سے انجام دیئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نامور مقررین ڈاکٹر فہیم شناس کاظمی، ڈاکٹر فاطمہ حسن اور پروفیسر سحر انصاری نے صاحبِ کتاب کے فن اور شخصیت پر سیر حاصل گفتگو کی۔ پروفیسر سحر انصاری نے سیدہ معصومہ شیرازی کے بیانیے کی شاندار ستائش کرتے ہوئے ان کی شاعری کو خالصتاً انقلابی اور مزاحمتی قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں : یمن میں زچگی و اطفال ہسپتال پر ظالم سعودی رجیم کا وحشیانہ حملہ، صیہونیوں کے جنگی جرائم کی یاد تازہ کر دی

تقریب کے مہمان خصوصی، ڈائریکٹر جنرل خانۂ فرہنگ ایران ڈاکٹر قاسم مرادی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو ادب کے افق پر سیدہ معصومہ شیرازی ایک ایسے روشن نام کے طور پر ابھری ہیں جن کی شاعری فنی حسن کے ساتھ ساتھ روحانی تاثیر اور فکری گہرائی سے مزین ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ممتاز شاعرہ اپنے قلم کے ذریعے وابستگانِ حیدر کرارؑ کے جذبات، اہل بیتؑ سے عقیدت اور اسلامی فکر کی تازگی کو دلوں تک پہنچاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’صدائے ابابیل‘‘ کا ہر شعر قاری کو ایمان کی حرارت اور ظلم کے خلاف قیام کا حوصلہ دیتا ہے۔ قرآن مجید میں ’’ابابیل‘‘ کم تعداد کے باوجود باطل کے طاقتور لشکر پر غالب آنے کا مظہر ہے اور یہی استعاراتی قوت اس مجموعے کا مرکز ہے۔

واضح رہے کہ سیدہ معصومہ شیرازی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بطورِ پروفیسر ایجوکیشن اور اسلامیات خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے جامعہ باب العلوم ملتان میں اپنے والد علامہ سید امداد حسین شیرازی سے علمی استفادہ کیا اور وفاق المدارس الشیعہ سے سلطان الافاضل کی سند کے علاوہ اعلیٰ عصری تعلیم بھی حاصل کی ہے۔ تقریب کے اختتام پر محترمہ معصومہ شیرازی نے تمام شرکاء اور آرٹس کونسل کا شکریہ ادا کیا اور مسجد و اہل بیتؑ سے محبت و عقیدت پر مبنی اپنی تین نظمیں پیش کیں۔

اس پروقار تقریب میں ڈاکٹر رخسانہ صبا، ڈاکٹر ثروت عسکری، ظہیر عباس، ہدایت سائر، قادر بخش، ڈاکٹر ندیم نقوی، یاسمین یاس، ضیاء زیدی، انور انصاری اور عون شیرازی سمیت علم و ادب سے شغف رکھنے والی خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

6:34 شام اکتوبر 4, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔