علامہ عارف حسین واحدی کی مفتی گلزار احمد نعیمی سے ملاقات، اتحادِ امت اور ملکی صورتحال پر اہم تبادلہ خیال
علامہ عارف حسین واحدی کی مفتی گلزار احمد نعیمی سے ملاقات
شیعیت نیوز : اسلامی تحریک پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے جامعہ نعیمیہ (مرکزی دفتر ملی یکجہتی کونسل) کا اہم دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر اور جماعت اہل حرم کے سربراہ علامہ مفتی گلزار احمد نعیمی سے خصوصی ملاقات کی اور مختلف اہم امور پر سیر حاصل گفتگو کی۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی رجیم کے دارالحکومت ریاض میں آرامکو تنصیبات پر یمنی میزائل اور ڈرون حملے، شدید آگ بھڑک اٹھی
ملاقات کے دوران ملی یکجہتی کونسل کے تنظیمی امور، مختلف شعبہ جات کی فعالیت، ملکی مذہبی صورتحال اور موجودہ بین الاقوامی حالات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ ملک میں بین المسالک ہم آہنگی اور اتحادِ امت کی ضرورت و اہمیت پر بھی خصوصی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر علامہ عارف حسین واحدی نے علامہ مفتی گلزار احمد نعیمی کی دینی، ملی اور اتحادِ امت کے فروغ کے لیے انجام دی جانے والی گراں قدر خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ نشست انتہائی خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملک میں امن و امان، اتحاد و یکجہتی، بین المسالک ہم آہنگی اور امتِ مسلمہ کے باہمی اتحاد کے لیے مشترکہ جدوجہد اور کاوشیں مسلسل جاری رکھی جائیں گی۔







