معرفتِ اہلِ بیتؑ ہی ظلم کے مقابلے میں حق و مزاحمت کی اصل قوت ہے، آغا سید راحت حسین الحسینی
آغا سید راحت حسین الحسینی
شیعیت نیوز : مرکزی جامع امامیہ مسجد شہید سید ضیاء الدین رضویؒ گلگت کے امام جمعہ و جماعت حجۃ الاسلام و المسلمین آغا سید راحت حسین الحسینی نے امتِ مسلمہ کے درمیان وحدت و اتحاد، معرفتِ اہلِ بیتؑ اور معاشرے میں امن و انصاف کے قیام پر زور دیا ہے۔ نماز جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام انسان کی جان، عزت اور مال کے تحفظ کو بنیادی اہمیت دیتا ہے، موجودہ دور میں اختلافات کو تصادم کا ذریعہ بنانے کے بجائے قرآنی تعلیمات اور سیرت رسول و آلِ رسول (ص) کی روشنی میں اتحاد اور برداشت کو فروغ دینا ضروری ہے۔
موجودہ عالمی حالات بالخصوص مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور جنگوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلح تنازعات کا سب سے زیادہ بوجھ عام شہریوں پر پڑتا ہے۔ انہوں نے مسلم دنیا پر زور دیا کہ وہ جذباتی تقسیم کے بجائے وحدت، بصیرت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ آغا راحت الحسینی نے واضح کیا کہ معرفتِ اہلِ بیتؑ محض عقیدت تک محدود نہیں بلکہ ان کی تعلیمات، جن میں عدل، حق گوئی اور مظلوم کی حمایت شامل ہے، کو عملی زندگی میں اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز، فتنہ الخوارج کے 11 دہشتگرد ہلاک
گلگت بلتستان میں امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے چلاس کے علاقے بشیداس میں جی بی سکیورٹی کی پٹرولنگ گاڑی پر فائرنگ کے پرتشدد واقعے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شاہراہِ قراقرم پر مسافروں، سیاحوں اور سکیورٹی اہلکاروں کا تحفظ یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، لہٰذا حالیہ واقعے کے ذمہ داروں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگا کر انہیں فی الفور قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
خطبے کے آخر میں انہوں نے عوامی مسائل کی جانب توجہ دلاتے ہوئے گلگت کے مختلف علاقوں میں سیوریج کے بعد سڑکوں کی بحالی کے کام کو معیاری اور بروقت مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سردیوں کی شدت میں اضافے سے قبل 16 میگاواٹ نلتر بجلی منصوبے سمیت دیگر زیرِ تکمیل منصوبوں پر کام تیز کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔







