گورنر راج: سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی فریق بننے کی درخواست

16 نومبر, 2026 13:48

شیعیت نیوز : سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور سردار اختر مینگل نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ اور 3 ایم پی او کے تحت گرفتاریوں سے متعلق مقدمے میں وفاقی آئینی عدالت میں فریق بننے کے لیے الگ الگ متفرق درخواستیں دائر کر دی ہیں۔

درخواستیں ایڈووکیٹ سردار محمد لطیف خان کھوسہ کے ذریعے دائر کی گئی ہیں، جن میں عدالت کے 5 نومبر 2026 کے حکم نامے میں ترمیم کرنے یا اسے واپس لینے اور درخواست گزاروں کو مقدمے میں فریق بنا کر دلائل اور تحریری معروضات پیش کرنے کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ 5 نومبر کے حکم کے تحت 12 اکتوبر یا اس کے بعد پشاور ہائی کورٹ میں آرٹیکل 199 کے تحت دائر درخواستوں کی کارروائی معطل کر دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا گورنر راج کے خلاف سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی آئینی درخواست

درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صدر مملکت نے 11 اکتوبر 2026 کو آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کیا، جسے پشاور ہائی کورٹ میں پہلے ہی چیلنج کیا جا چکا ہے، تاہم 5 نومبر کے حکم کے بعد گورنر راج کے خلاف رٹ پٹیشن بھی کاز لسٹ سے خارج کر دی گئی۔

درخواست گزاروں نے واضح کیا ہے کہ ان کی رٹ پٹیشن محض ایم پی او حراستوں تک محدود نہیں بلکہ براہ راست گورنر راج کے اعلامیے کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرتی ہے، اور 5 نومبر کے حکم سے ان کے اور خیبرپختونخوا کے عوام کے آئینی حقوق براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں فریق نہ بنایا گیا تو یہ آئین کے آرٹیکل 10 اے کے تحت منصفانہ سماعت کے حق کی خلاف ورزی ہوگی۔

1:59 شام نومبر 16, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔