مظفرآباد فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس میں خواتین کی مجالس عزائے فاطمیہ

16 نومبر, 2026 11:16

شیعیت نیوز : آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس میں شہادت خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے مجالس عزائے فاطمیہ کا اہتمام کیا گیا، جن میں کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کر کے بارگاہ سیدہؑ میں پرسہ پیش کیا۔

مجالس کا آغاز زیارت عاشورہ سے ہوا۔ مختلف عالمات نے خطاب کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و منزلت، معرفت زہراؑ، حق و ولایت کی حمایت، سیرت فاطمی اور عصر حاضر میں آپؑ کی تعلیمات کو اپنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ معرفت زہراؑ کا حقیقی ثبوت اطاعت زہراؑ ہے اور یہی حقیقی عزاداری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کوئٹہ ہزارہ ٹاؤن میں ایام فاطمیہ پر نمائش بصیرت فاطمی کا انعقاد

مقررین نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا صرف خواتین ہی کے لیے نہیں بلکہ تمام مردوں اور عورتوں کے لیے قیامت تک اسوہ کاملہ ہیں، اور نجات کا راستہ آپؑ کی حقیقی معرفت اور اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کو آپؑ کی سیرت کے مطابق ڈھالنے میں مضمر ہے۔

مجالس کا ایک اثر انگیز حصہ سیدہؑ کی مظلومیت کی یاد تازہ کرنے کے لیے مخصوص تھا، جس میں بیت الحزن سمیت مختلف تاریخی و عزائی شبیہیں اور تمثیلی مناظر پیش کیے گئے، جنہوں نے حاضرین کو آپؑ کے صبر، عبادت اور رضائے الٰہی کی خاطر برداشت کیے گئے مصائب کی یاد دلائی۔

11:27 صبح نومبر 16, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔