سی ٹی ڈی کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، کالعدم سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی کے 13 را فنڈڈ دہشتگرد گرفتار
سی ٹی ڈی
شیعیت نیوز : پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے صوبے بھر میں 98 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کی فنڈنگ پر چلنے والے کالعدم لشکر جھنگوی اور کالعدم سپاہ صحابہ کے 13 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق، یہ کارروائیاں دہشت گردی کے بڑے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق پاکپتن سے ‘را’ کا ایک انتہائی خطرناک اور فنڈڈ ایجنٹ واجد بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والے دیگر دہشت گردوں کی شناخت عثمان، نعیم، عبدالمنان، اسامہ، حسن اور بابر وغیرہ کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق ملک دشمن تکفیری تنظیموں کالعدم سپاہ صحابہ اور کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نجف اشرف ہوائی اڈے سے 40 ایرانی پروازوں کو اجازت مل گئی، عراقی حکومت
ان را فنڈڈ دہشت گردوں کے قبضے سے تخریب کاری میں استعمال ہونے والا بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد، ایک ہینڈ گرنیڈ، 3 آئی ای ڈی (IED) بم، 12 ڈیٹونیٹرز اور 35 فٹ فیوز وائر برآمد کی گئی ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ ان گرفتار دہشت گردوں کے خلاف 13 مقدمات درج کر کے تفتیش کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ ان کے دیگر نیٹ ورکس تک پہنچا جا سکے۔
پنجاب بھر میں رواں ہفتے کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے 1595 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن کے دوران 55 ہزار 416 افراد کی چیکنگ کی گئی اور 52 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ سی ٹی ڈی حکام نے واضح کیا ہے کہ ‘محفوظ پنجاب’ کے ہدف کی تکمیل کے لیے تکفیری دہشت گردوں اور ان کے بیرونی سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی۔







