نجف اشرف ہوائی اڈے سے 40 ایرانی پروازوں کو اجازت مل گئی، عراقی حکومت
النجف انٹرنیشنل ایئرپورٹ
شیعیت نیوز : عراقی حکومت نے ایک اہم بیان میں اعلان کیا ہے کہ ماہان ایئر کے علاوہ دیگر ایرانی فضائی کمپنیوں کو نجف اشرف بین الاقوامی ہوائی اڈے سے آمد و رفت کے لیے 40 پروازوں کی اجازت دے دی گئی ہے۔ عراقی حکومت کے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ خصوصی اجازت عراق سے آنے جانے والے زائرین اور مسافروں کی آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے اور انسانی و طبی ضروریات کی حمایت کے لیے دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عراق سے امریکی فوجیوں کا انخلا ایک تاریخی کامیابی اور قومی فتح ہے، مہدی المشاط
اس بیان کے مطابق، عراقی وزیراعظم نے مطلوبہ اجازت دینے اور مثبت جواب پر امریکہ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا ہے۔ عراقی وزیراعظم کے دفتر نے زور دیا کہ عراق اپنے سفارتی تعلقات کو قوم کے مفادات اور دیگر ممالک کے ساتھ متوازن اور مثبت بنیادوں پر استوار کرنے کے عزم پر قائم ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل، امریکی محکمہ خزانہ کے دفتر برائے غیر ملکی اثاثوں کے کنٹرول (OFAC) نے اعلان کیا تھا کہ ایک محدود اجازت نامے کے تحت ایران اور عراق کے درمیان مسافر پروازیں دوبارہ شروع کی جا سکتی ہیں، بشرطیکہ یہ پروازیں صرف نجف بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہوں اور اسی پر واپس آئیں۔







