سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، کالعدم سپاہ صحابہ و لشکر جھنگوی کے 3 دہشتگرد گرفتار
سی ٹی ڈی آپریشن
شیعیت نیوز : کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ کارروائیوں کے دوران کالعدم سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی کے 3 خطرناک دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ان دہشتگردوں کے قبضے سے تیار شدہ آئی ای ڈی، ہینڈ گرنیڈ اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق پہلی کارروائی گلستانِ جوہر، بلاک 7 میں مین یونیورسٹی روڈ کے قریب کی گئی، جہاں کالعدم سپاہ صحابہ سے تعلق رکھنے والے 2 تربیت یافتہ دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا، جنہوں نے افغانستان سے اسلحہ چلانے کی تربیت حاصل کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : سوات میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا آپریشن، کالعدم سپاہ صحابہ کے 3 دہشتگرد جہنم واصل
ترجمان نے مزید بتایا کہ دوسری کارروائی گلبائی چوک کے قریب کی گئی جس میں کالعدم لشکر جھنگوی کے کارندے شاہ نور رحمان کو گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ دہشتگرد وزیرستان اور بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ، اغوا اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث رہے ہیں اور اب اپنے کمانڈر کی ہدایت پر کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر اور شہر کے حساس مقامات کی ریکی اور انہیں نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ سی ٹی ڈی نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے ان کے دیگر ساتھیوں، مالی معاونین اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔







