مسجد الاقصیٰ کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی، حماس کا انتفاضہ الاقصیٰ کی 26ویں سالگرہ پر اہم بیان

28 ستمبر, 2026 14:45

شیعیت نیوز : اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے انتفاضہ الاقصیٰ کی 26ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے ایک اہم بیان میں واضح کیا ہے کہ فلسطینی سرزمین اور مقدسات کی آزادی ان کی جدوجہد کی مستقل سمت رہے گی۔ حماس نے عرب و اسلامی امت اور دنیا بھر کے حریت پسندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے حصول تک ان کی بھرپور حمایت کریں۔ یہ سالگرہ ایک ایسے وقت میں منائی جا رہی ہے جب غاصب صیہونی حکومت قدس اور مسجد الاقصیٰ کے خلاف جارحیت میں بے پناہ اضافہ کر رہی ہے اور انتہا پسند آبادکاروں کی مجرمانہ سرپرستی کر رہی ہے۔

حماس کے مطابق، غاصب صیہونی اقدامات کا اصل مقصد مسجد الاقصیٰ پر یہودی شناخت مسلط کرنا، اس کی بے حرمتی، تاریخی نشانات کو مٹانا اور جبری بے دخلی کے ناپاک منصوبوں کو آگے بڑھانا ہے۔ 28 ستمبر 2000 کو شروع ہونے والی انتفاضہ الاقصیٰ نے قدس کے دفاع اور مزاحمت کے تصورات کو اجاگر کیا اور ثابت کیا کہ اسرائیلی دہشت گردی فلسطینی عوام کے عزم اور مزاحمت کی شمع کو ہرگز نہیں بجھا سکتی۔ حماس نے شہداء اور قیدیوں سے وفاداری کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ مجرم اسرائیلی حکومتوں کے تمام شیطانی منصوبے ناکامی سے دوچار ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : آبنائے ہرمز امریکی ڈرونز کی شکارگاہ ہے، دوسرا جدید انڈر واٹر ڈرون قابو کر لیا، پاسداران انقلاب

تحریک نے اس بات پر زور دیا کہ بیت المقدس اور مسجد الاقصیٰ تنازع کے مرکز میں ہیں اور یہ ہمیشہ خالص اسلامی وقف ہی رہے گی، جس کی تقسیم یا شراکت کا کوئی تصور نہیں۔ غاصب اسرائیل کو مسجد الاقصیٰ کے کسی بھی حصے پر حاکمیت کا کوئی حق حاصل نہیں۔ حماس نے تمام فلسطینی مزاحمتی قوتوں پر زور دیا کہ وہ مشترکہ حکمت عملی اپنائیں۔ مغربی کنارے اور 1948 کے مقبوضہ علاقوں کے عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ مسجد الاقصیٰ میں اپنی موجودگی اور اعتکاف جاری رکھیں تاکہ غاصبوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے جا سکیں۔

بیان کے آخر میں حماس نے مسلم ممالک اور دنیا بھر کے آزاد لوگوں سے مطالبہ کیا کہ وہ سیاسی، سفارتی اور میڈیا کی سطح پر فوری اور سنجیدہ اقدامات کریں تاکہ مسجد الاقصیٰ کو مکمل طور پر صیہونی قبضے سے آزاد کرایا جا سکے۔ تحریک نے انتفاضہ الاقصیٰ اور راہِ آزادی کے تمام شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آخری فتح تک شہداء کے پاکیزہ خون اور قربانیوں سے وفا کریں گے۔

4:02 شام ستمبر 28, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔