آیت تطہیر کا مصداق سیدۃ النساء ہیں، علامہ سید ساجد علی نقوی
شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے 3 جمادی الثانی، یوم شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بنت رسول اکرم حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا آیت تطہیر کا مصداق سیدۃ النساء ہیں۔ آپ نے بحیثیت دختر، زوجہ اور مادر جس مثالی طرز زندگی کا مظاہرہ کیا، وہ خواتین کے لیے بہترین نمونہ عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے دختر رسول ہونے کی حیثیت سے رحمت للعالمین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے باعث رحمت و تسکین بنیں، گھر کے تمام امور خود انجام دیے، اولاد کی تربیت کی، اپنی کنیز کے ساتھ برابری اور دوستانہ سلوک روا رکھا اور امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے ساتھ گھریلو ذمہ داریوں کی تقسیم کو اپنا معمول بنایا۔ آپ نے حضرت علی علیہ السلام جیسے شجاع و سخی شوہر کے ہوتے ہوئے بھی اطاعت، تابعداری اور خدمت کو شعار بنایا، غیر ضروری فرمائش نہیں کی اور جوانان جنت کے سرداروں کی والدہ ہونے کے باوجود سادہ زندگی اور فاقہ کشی کو ترجیح دی۔
یہ بھی پڑھیں : سیرت فاطمہ زہرا ہی خواتین کو استحصال سے بچا سکتی ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ صدیقہ، طاہرہ اور بتول جیسے عظیم القابات کی حامل حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اطاعت خداوندی، علم و کمال، عفت و پاکدامنی، حیا، تربیت اولاد، اعلی تہذیب، اخلاقی اقدار اور قناعت پسندی کے ذریعہ ایک مثالی اسلامی معاشرے کی بنیادیں فراہم کیں۔
انہوں نے آج کی خواتین سے اپیل کی کہ جدید دور کے تقاضوں کو سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے کردار و سیرت کے نقوش کی روشنی میں اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ بالخصوص مسلم معاشرے میں ازدواج اور شادی جیسے اہم معاملات میں سیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو نمونہ عمل بنایا جائے تاکہ معاشرے کو تمام مفاسد، بے راہ روی اور انتشار سے محفوظ رکھتے ہوئے اخروی نجات کی راہ ہموار کی جا سکے۔







