غزہ کے سابق مفتی اعظم ڈاکٹر محمود الشوبکی کا جامعہ عروۃ الوثقیٰ کا دورہ، علامہ جواد نقوی سے اہم ملاقات
علامہ سید جواد نقوی
شیعیت نیوز : غزہ کے سابق مفتیِ اعظم ڈاکٹر محمود یوسف محمد الشوبکی نے لاہور میں جامعہ عروۃ الوثقیٰ کا دورہ کیا اور ممتاز عالم دین علامہ سید جواد نقوی سے ایک اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران فلسطین و غزہ کی موجودہ صورتحال، غاصب صیہونی رژیم کے انسانیت سوز مظالم، فلسطینی عوام کی لازوال قربانیوں اور تحریکِ مقاومت کی بے مثال استقامت پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران غزہ کے مظلوم عوام کے بے مثال صبر و استقامت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ رہنماؤں نے قابض اسرائیلی رژیم کی جانب سے معصوم بچوں، خواتین اور نہتے شہریوں کے قتلِ عام، وحشیانہ بمباری اور نسل کشی کو انسانیت کے خلاف سنگین ترین جرم قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مظالم کے خلاف بھرپور احتجاج اور غاصبانہ صیہونی تسلط کے مکمل خاتمے تک مقاومت کی جدوجہد کا تسلسل ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اصفہان میں مجلسِ وحدت مسلمین کے زیرِ اہتمام مجلسِ تکریمِ شہداء، شہید سید حسن نصر اللہؒ کو شاندار خراجِ عقیدت
ڈاکٹر محمود یوسف الشوبکی نے فلسطین اور تحریکِ مقاومت کی حمایت میں جامعہ عروۃ الوثقیٰ کی مسلسل علمی، فکری، ابلاغی اور عوامی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے بالخصوص علامہ سید جواد نقوی کی جانب سے مسئلہ فلسطین کو ہر محاذ پر اجاگر کرنے، غزہ کے مظلوموں کی آواز بلند کرنے، صیہونی مظالم کو بے نقاب کرنے اور اپنے خطابات کے ذریعے فلسطینی عوام کی حمایت میں کی جانے والی انتھک کوششوں کو انتہائی قابلِ قدر قرار دیا۔
اس موقع پر علامہ سید جواد نقوی نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ فلسطین کی آزادی، غزہ کی سربلندی اور غاصبانہ صیہونی تسلط کے خاتمے کا واحد اور حقیقی راستہ فلسطینی عوام کی استقامت، تحریکِ مقاومت اور حماس کی ثابت قدم جدوجہد میں مضمر ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ فلسطینی قوم کی مکمل آزادی اور غصب شدہ حقوق و سرزمین کی بازیابی کے لیے مقاومت ہی سب سے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔







