جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں آیت اللہ العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانی کی مجلسِ ترحیم کا انعقاد
علامہ محمد شفا نجفی
شیعیت نیوز : جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں عظیم مرجع تقلید آیت الله العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانی (رضوان الله تعالى عليہ) کے بلندیِ درجات کے لیے ایک باوقار مجلسِ ترحیم اور قرآن خوانی کا انعقاد کیا گیا۔ اس بابرکت نشست کا باقاعدہ آغاز قاری سید ساجد رضوی نے اپنی خوش الحانی سے تلاوتِ قرآنِ مجید کے ذریعے کیا۔
مجلس کی نظامت کے فرائض مولانا نقاش الحسنین نے احسن انداز میں انجام دیے اور اپنے جامع ابتدائیے میں مرحوم آیت اللہ العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانی کی علمی و روحانی صفات، ان کی سیرتِ مبارکہ اور عظیم دینی خدمات پر روشنی ڈالی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران نے ثابت کر دیا کہ عالمی سامراج کو شکست دی جا سکتی ہے، علامہ حسن ظفر نقوی
مجلسِ ترحیم سے علامہ محمد شفا نجفی نے خصوصی خطاب کیا اور طلابِ کرام کے لیے نصیحت اور رہنمائی پر مبنی گفتگو کرتے ہوئے "مقامِ مرجعیت” اور "علماءِ ربانی” کے بلند مرتبے کو واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ عظیم الشان مقام ہے جس پر بروزِ قیامت شہدائے کرام بھی رشک کریں گے۔ تقریب کے آخر میں مرحوم مرجعِ عالی قدر کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔







